اقوام متحدہ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی نے جمعہ کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کے رکن ممالک کو دہشت گردی کے مقابلہ کے لئے متحد ہوجانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی توانائی کی سربراہی باہمی تعلقات کو نئی جہت دے سکتی ہے۔ اُنھوں نے اپنی تقریر کے دوران ایک ٹامل فلسفی اور سوامی ویویکانند کے قول کا حوالہ بھی دیا۔
خلیج میں امن مذاکرات و سفارت کاری کو اولین ترجیح :وزیراعظم مودی
نیویارک ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ایران کے صدر حسن روحانی باہمی علاقائی و عالمی امور و مسائل پر تفصیلی بات چیت کے بعد ہندوستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ خلیج فارس میں امن و سلامتی کو برقراری کیلئے اعتماد سازی ، مذاکرات اور سفارت کاری کو اولین ترجیح دی جائے ۔ مودی اور روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر جمعرات کو ایک ایسے وقت ملاقات کی جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں ہولناک اضافہ ہوا ہے ۔ وزیراعظم مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’ صدر حسن روحانی سے ملاقات پر خوشی ہوئی ہے ۔ ہم نے ایران ، علاقائی و عالمی مسائل پر ہم نے گہرائی کے ساتھ مکمل جامع بات چیت کی ‘ دونوں قائدین نے باہمی امورپر تبادلہ خیال کیا ۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ خلیج فارس میں امن و سلامتی ہندوستان کے لئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔
چنانچہ ہندوستان اس علاقہ میں امن ، سلامتی و استحکام کے مفادات میں سفارت کاری ، مذاکرات اور اعتماد سازی کو اولین ترجیح دیتا ہے ۔
مودی ۔ یونان مذاکرات
نیویارک 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی وزیراعظم یونان سے بات چیت کی اور جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر علیحدہ طور پر بات چیت میں باہمی تعلقات سرفہرست تھے۔
