ایک خاتون سے سارا خاندان متاثر، عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) سٹی پولیس کمشنر پولیس انجنی کمار نے کہا کہ کورونا وائرس بن بلائے گھر نہیں آتا بلکہ آپ کے ساتھ ہی آپ کے گھر آتا ہے۔ لہٰذا آپ گھروں میں رہیں اور وائرس کو آنے نہ دیں۔ سٹی پولیس کمشنر نے آج شہر کے مختلف کنٹینمنٹ علاقوں کا دورہ کیا اور چندرائن گٹہ کا علاقہ آل مصطفی کالونی کے دورہ کے بعد میڈیا سے مخاطب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ال مصطفی کالونی میں ایک خاتون کے ذریعہ ان کے افراد خاندان متاثر ہوا تھا اور سارے علاقہ کو احتیاطی دائرے میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس پر قابو پانے اور اس کے خاتمہ کیلئے ہر ایک شہری کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگا۔ محکمہ پولیس، بلدیہ، میڈیکل و دیگر شعبہ جات اپنا کام کررہے ہیں لیکن سب میں بڑا کام شہریوں کا ہے اور وہ انہیں اپنے گھر میں رہ کر نبھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام کنٹینمنٹ زونس میں عوامی سہولیات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ ادویات، اشیائے ضروریہ، ترکاری و دیگر اشیاء کی فراہمی کیلئے سرکاری محکمہ سرگرم ہیں اور عوام کی دہلیز تک خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے گھروں میں رہتے ہوئے لاک ڈاؤن پر عمل کریں۔