الازہر یونیورسٹی پاکستان میں اپنا کیمپس کھولے گی

   

اسلام آباد : مصر کی الازہر یونیورسٹی پاکستان میں اپنا کیمپس کھولے گی تاکہ پاکستانیوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات کو سمجھنے کیلئے عربی زبان سیکھنے میں مدد مل سکے ، اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے 2 روزہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نذیر محمد عیاد نے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی درخواست پر پاکستان میں الازہر یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر اور ان کی ٹیم نے مصر کے مفتی اعظم کی قیادت میں پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر احاب محمد عبدالحمید حسن پر مشتمل وفد سے ملاقات کی۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے 40 ممالک کے درجنوں دیگر اسکالرز اور ماہرین تعلیم پاکستان میں موجود ہیں۔ کانفرنس میں دیگر مسلم رہنماؤں کے علاوہ لڑکیوں کی تعلیم کیلئے عالمی شہرت یافتہ ملالہ یوسف زئی بھی شرکت کریں گی۔ مفتی اعظم مصر نے کہا کہ الازہر یونیورسٹی خواتین کی تعلیم کے کٹر حامیوں میں سے ایک ہے ، یونیورسٹی پاکستان میں اپنے کیمپس کے ذریعہ نہ صرف اسلامی تعلیمات، بلکہ عربی ثقافت کو بھی فروغ دے گی ۔ ڈاکٹر نذیر محمد عیاد نے کہا کہ جامعہ الازہر میں 40 فیصد سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں، پاکستان کو چاہیے کہ وہ اسکالرز کو مصر بھیجے تاکہ وہ دنیا کے قدیم ترین اداروں میں سے ایک کے تجربات اور تعلیمات سے سیکھ سکیں۔