الزام ثابت ہونے پر امیدواری واپس لے لوں گا:راگھون

   

کوزی کوڈ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا کے کوزی کوڈ حلقہ سے کانگریس امیدوار اور ایم پی ایم کے راگھون نے زمینی سودے میں رشوت مانگنے کے الزامات سے صاف انکار کیا ہے ۔واضح رہے کہ کیرالا کے ایک نجی چینل نے اسٹنگ آپریشن کے ذریعے رہنما کے زمینی سودے کے لئے رشوت مانگنے کی بات اجاگر کی ہے ۔ راگھون نے گزشتہ رات فیس بک پر ایک پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کے خلاف لگائے الزام صحیح ثابت ہونے پر وہ 23 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنی امیدواری واپس لے لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ الزام ثابت ہونے پر وہ اپنی عوامی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیں گے۔ٹی وی 9 چینل نے گزشتہ روز اپنے ایک پروگرام ’بھارت ورش‘ میں ایک ویڈیو کلپ دکھایا جس میں راگھون زمینی سودے کے لئے سنگاپور کی ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی کے نمائندے سے پانچ کروڑ روپے رشوت مانگتے ہوئے نظر آئے ۔