القاعدہ سے وابستہ افراد اور کمپنیاں ’عالمی دہشت گرد‘

   

واشنگٹن : امریکہ نے کہا ہے کہ القاعدہ اور اس سے وابستہ علاقائی گروپ دنیا بھر کے ممالک کے لیے خطرہ ہیں۔’امریکہ آج یہ اقدام اٹھا رہا ہے کہ برازیل میں قائم القاعدہ نیٹ ورک سے منسلک افراد اور ان کی کمپنیوں کو عالمی دہشت گرد قرار دیا جائے تاکہ ان کی جانب سے القاعدہ کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت کو روکا جا سکے۔‘ امریکہ نے برازیل میں القاعدہ کو مدد فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے ابتدائی رکن ہیتم احمد شکری احمد المغربی کے علاوہ محمد شریف محمد عواد کو بھی عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے جو برازیل میں القاعدہ کے دیگر ساتھیوں سے بینک کے ذریعے ٹرانسفر کی گئی رقم وصول کرتے تھے۔علاوہ ازیں عواد اینڈ الخطیب کمپنیز کو بھی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالا گیا ہے۔محکمہ خزانہ کے بیان کے مطابق برازیل میں قائم القاعدہ نیٹ ورک کی کارروائیوں سے معلوم ہوا ہے کہ عالمی سطح پر القاعدہ کی جانب سے دہشت گردی کا خطرہ برقرار ہے۔