القسام کمانڈر محمد سنوار کا جسد خاکی تلاش کر لیا گیا

   

غزہ ۔ 18 مئی (ایجنسیز) غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے حماس کے مسلح ونگ القسام کے نئے کمانڈر محمد السنوار کو نشانہ بنانے کیلئے کی گئی کارروائی کے کئی دنوں کی بے یقینی اور غیریقینی خبروں کے بعد اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ خان یونس میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد السنوار کو قتل کر دیا گیا ہے۔اتوار کے روز العربیہ اور الحدث کو حاصل معلومات کے مطابق محمد السنوار کا جسد خاکی جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک سرنگ سے ملاہے، جہاں ان کے دس ساتھیوں کی نعشیں بھی برآمد ہوئیں۔ذرائع کے مطابق محمد السنوار گذشتہ دنوں خان یونس کے مشرق میں یورپی ہسپتال کے قریب اسرائیل کے شدید فضائی حملے میں نشانہ بنے۔ اسی حملے میں رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شبانہ بھی مارے گئے۔اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد السنوار جو حماس کے مقتول رہنما یحییٰ السنوار کے بھائی تھے، کو ایک خفیہ پناہ گاہ میں نشانہ بنایا گیا جو یورپی ہسپتال کے نیچے واقع تھی۔اسرائیلی نشریاتی ادارے نے ایک ویڈیو جاری کی، جس میں بتایا گیا کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب محمد السنوار مذکورہ مقام پر موجود تھے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دھماکہ اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائے گئے ہیں۔