چنئی : اللو ارجن اور معروف ہدایت کار اٹلی کی نئی بڑے بجٹ کی فلم کے حوالے سے جوش و خروش عروج پر ہے۔ مہینوں کی قیاس آرائیوں کے بعد اب یہ تصدیق ہوچکی ہے کہ اس میگا پروجیکٹ میں بالی ووڈکی تین بڑی اداکارائیں جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں، جس سے یہ فلم حالیہ برسوں کی سب سے زیادہ متوقع فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔ یہ ہائی اوکٹین فلم کالانیدھی مارن کی سن پکچرزکے بینر تلے بن رہی ہے اورکہا جا رہا ہے کہ یہ فلم ہندوستانی سنیما کو ایک نئی بلندی پر لے جائے گی۔ فلم میں ایک نئے طرز کی کہانی دکھانے کے ساتھ جدید ترین گرافکس کا استعمال کیا جائے گا، جو کہ فلم کو ایک بالکل نیا سنیما یونیورس بنانے کی طرف لے جائے گا۔ اللو ارجن کے جنم دن پر فلم کے تخلیق کاروں نے ایک پروموشنل ویڈیو جاری کیا، جس میں فلم کی شان و شوکت کی جھلک دکھائی گئی اور مداح مزید تفصیلات کے شدت سے منتظر ہیں۔ مزید معلومات کے مطابق، اللو ارجن فلم میں دوہراکردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے ۔ ایک عنصر جو شائقین کو سنیما کی نشستوں پر جکڑکر رکھے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ فلم میں تین بالی ووڈ اداکارائیں مرکزی کرداروں میں شامل ہوں گی، جس سے فلم کی اسٹار پاور میں زبردست اضافہ ہوگا۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مرونال ٹھاکر ان میں سے ایک مرکزی اداکارہ کے طور پر تقریباً طے ہو چکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چند روز قبل ان کا لک ٹسٹ لیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے انتخاب پر مہر ثبت کردی گئی ہے۔ مرونال کی شمولیت کی خبر سے مداحوں میں بے حد جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ جھانوی کپور بھی اس فلم کے لیے تاریخیں طے کرنے کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اداکاری میں تنوع کی بدولت، ان کی شمولیت اس بڑے بجٹ کے پراجیکٹ کو مزید دلکش بنا دے گی۔ لیکن یہ سب کچھ نہیں سب سے بڑی خبر یہ ہے کہ فلم کے تخلیق کار دپیکا پڈوکون سے بھی بات چیت کر رہے ہیں تاکہ وہ تیسرے مرکزی کردارکے لیے فلم کا حصہ بن سکیں۔ اگرچہ دپیکا کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں آئی، تاہم ان کی ممکنہ شمولیت فلم کو ایک اسٹار پراجیکٹ میں بدل دے گی۔