یروشلم: فلسطین میں ایک مسجد کے موذن کو قابل رشک موت آئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطین کی ایک مسجد کے موذن نماز فجر سے قبل مسجد میں آتے ہیں اور نمازیوں کی سہولت کے انتظامات کرتے ہیں۔ پھر اذان دیتے ہیں۔اذان دینے کے بعد موذن ایک کرسی پر بیٹھ جاتے ہیں اور قرآن کریم کی تلاوت شروع کرتے ہیں۔ یہ تمام منظر مسجد میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گئے۔ 39 سیکنڈ کی اس روح پرور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انتظامات مکمل کرنے کے بعد پہلے وہ کرسی پر فجر کی سنتوں کی ادائیگی کرتے ہیں اس کے بعد تلاوت قرآن پاک شروع کرتے ہیں کہ دوران تلاوت اچانک ان کی گردن ایک طرف ڈھلک جاتی ہے اور ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر جاتی ہے۔