الکاراز نے جوکووچ، نڈال اور فیڈررکو پیچھے چھوڑدیا

   

میلبورن، 23 جنوری (یو این آئی) گرانڈ سلیم کی سطح پر100 میچ مکمل کرنے کے بعد کارلوس الکاراز نے ایک ایسا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے ، جس نے انہیں عظیم کھلاڑیوں کی صف میں لا کھڑا کیا ہے ۔ جمعہ کے روزکورینٹن ماؤٹیٹ کے خلاف فتح کے ساتھ آسٹریلین اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے والے اس ہسپانوی کھلاڑی کا میجر مقابلوں میں ریکارڈ87-13 ہے ، جو اوپن ایرا میں پہلے100 میچوں میں بہترین آغازکے لیے بیورن بورگ کے ریکارڈ کے برابر ہے ۔ الکاراز نے اس معاملے میں رافیل نڈال اور جان میکنرو جیسے عظیم کھلاڑیوں کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے ، جن کا اپنے پہلے100 گرانڈ سلام میچوں میں ریکارڈ86-14 تھا۔ اے ٹی پی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک رہنے والے الکاراز اب ایک ایسا معیار قائم کررہے ہیں، جہاں کھیل کے بڑے بڑے نام بھی اتنی جلدی نہیں پہنچ سکے تھے ۔ نوواک جوکووچ، جو24 مرتبہ گرانڈ سلام خطابات جیتنے والے ریکارڈ ہولڈر اور میلبورن میں10 بارکے چمپئن ہیں، انہوں نے اپنے پہلے100 گرانڈ سلام میچوں میں79-21 کا ریکارڈ بنایا، جبکہ سوئس لیجنڈ راجر فیڈررنے 80-20 کا ریکارڈ قائم کیا۔ الکاراز کے حریف یانک سِنر نے گزشتہ سال ومبلڈن میں اپنا 100واں میجر میچ (81-19) کھیلا تھا، جو اتفاق سے چمپئن شپ میچ میں خود الکاراز کے خلاف تھا اور اس مقابلے میں اطالوی کھلاڑی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ محض22 سال کی عمر میں الکاراز چھ بارکے گرانڈ سلام چمپئن ہیں اور اس پندرہ روزہ ایونٹ میں مزید تاریخ رقم کرنے کے درپے ہیں۔ اگر وہ اپنا پہلا آسٹریلین اوپن خطاب جیتنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ کیریئرگرانڈ سلام مکمل کر لیں گے اور یہ کارنامہ انجام دینے والے تاریخ کے سب سے کم عمرکھلاڑی بن جائیں گے ۔