پریاگ راج:26مارچ(سیاست ڈاٹ کام )کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر لاک ڈاون کے درمیان الہ آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 10سال سے کم وکالت کرنے والے وکلاء کو مالی مدد کے طور پر ایک ۔ایک ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا ہے ۔اسوسی ایشن کی ایلڈر کمیٹی کے چیئر مین ونے چندر مشر نے جمعرات کو بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور پھر 21 دنوں کے لاک ڈاؤن سے زیادہ تر نئے وکلاء مالی طور سے پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔متعدد وکلاء ایسے ہیں جن کی مارچ اور اپریل کی آمدنی بہت ضروری ہوتی ہے ۔ کیونکہ بچوں کے ایڈمیشن، کاپی کتابوں،ڈریس میں انہیں کافی پیسہ خرچ کرنا پڑتا ہے ۔ کئی نئے وکیل کرائے پر بھی رہتے ہیں۔بارکونسل آف انڈیا و یوپی بار کونسل اور ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کے سربراہ رہ چکے سابق ایڈوکیٹ جنرل وی سی مشر نے کہا کہ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ایلڈر کمیٹی نے 10سال سے کم کی وکالت کرنے والے ایسوسی ایشن کے اراکین کو مالی مدد دینے کا فیصلہ کیاہے ۔