کلکتہ 7اگست (یواین آئی) ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے جمعرات کو ہندوستان کے الیکشن کمیشن پر شدید تنقید کی اور اس پر الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی کی توسیعی شاخ کے طور پر کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے اعلان سے بہت پہلے ہی کمیشن نے مغربی بنگال کی حکومت کے کام کاج میں مداخلت کر کے اپنے آئینی دائرہ اختیار کی سنگین خلاف ورزی کی ہے ۔ آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن تقریباً ایک سال پہلے سے ہی ریاستی حکومت کے امور میں مداخلت کررہا ہے ۔
جس کا مقصد منتخب حکومت کو کمزور کرنا اور مرکز میں برسرِ اقتدار جماعت کو فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اپنے اختیار سے تجاوز کر کے کام کر رہا ہے ۔ اس کی ذمہ داری صرف اس وقت شروع ہوتی ہے جب انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کیا جائے ۔ اسی کے بعد وہ ریاست کی دیوانی اور فوجداری / پولیس انتظامیہ کو کنٹرول میں لے کر یہ یقینی بناسکتا ہے کہ انتخابات آزاد اور منصفانہ ہوں۔