بنگلورو، 8 اپریل (یواین آئی) کرناٹک میں ایک نیا سیاسی تنازعہ اس وقت سامنے آیا جب الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے خدشے کے پیش نظر ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیموں کے تحت فنڈز کی تقسیم روک دی۔ کمیشن کے اس اقدام سے کانگریس حکومت کی اہم ’’گارنٹی اسکیمیں‘‘ جیسے گھر لکشمی، یووا ندھی، شکتی، گھر جوتی اور انا بھاگیہ فی الحال معطل ہوگئی ہیں۔ یہ اسکیمیں کانگریس کی حکمرانی کا مرکزی نکتہ رہی ہیں۔ کمیشن نے بعض اضلاع میں ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود فنڈز جاری کرنے پر اعتراض کیا۔ ریاستی انتظامیہ سے وضاحت طلب کی گئی ہے اور ہدایت دی گئی ہے کہ مزید ادائیگیاں کمیشن کی پیشگی منظوری کے بغیر نہ ہوں۔ اس معاملے نے ریاستی بیوروکریسی کو بھی کڑی جانچ کے دائرے میں لا کھڑا کیا ہے ۔ کانگریس نے اس فیصلے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی دباؤ کا نتیجہ ہے ۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ ادائیگیاں معمول کے مطابق ہیں اور بی جے پی عوامی فلاحی اسکیموں کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ W/K