الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ میں خرابی، ووٹروں کو شدید مشکلات

   

Ferty9 Clinic

ممبئی ، 15 جنوری (یو این آئی) بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے جمعرات کی صبح 7.30 بجے ووٹنگ کے آغاز کے ساتھ ہی ووٹروں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچی تاہم اسی دوران مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ میں خرابی کے باعث شہریوں کو شدید الجھن کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ انتخابات ممبئی میں تقریباً چار سال بعد کسی منتخب بلدیاتی ادارے کے قیام کی راہ ہموار کر رہے ہیں اور ان میں تقریباً 1,700 امیدوار میدان میں ہیں۔متعدد ووٹروں نے شکایت کی کہ مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ناقابلِ رسائی رہی جس کے سبب وہ نہ تو ووٹر لسٹ میں اپنا نام چیک کر سکے اور نہ ہی پولنگ سلپ ڈاؤن لوڈ کر پائے ۔ کئی افراد نے بتایا کہ پورٹل پر ڈیٹا دستیاب نہ ہونے کا پیغام دکھایا جا رہا تھا جس سے پولنگ اسٹیشنوں کے باہر قائم ہیلپ ڈیسک پر بھی الجھن کی صورتحال پیدا ہو گئی۔اگرچہ کئی ووٹروں کے نام رجسٹرڈ تھے مگر آن لائن تفصیلات نہ ملنے کے باعث انہیں پولنگ بوتھس پر موجود پرنٹ شدہ ووٹر لسٹوں پر انحصار کرنا پڑا۔ اس سے ووٹنگ کے عمل میں تاخیر ہوئی اور کچھ ووٹروں کو اپنے مختص پولنگ اسٹیشن کی نشاندہی میں دشواری پیش آئی خاص طور پر ان معاملات میں جہاں بوتھ تبدیل یا پولنگ مراکز کو ضم کیا گیا تھا۔ویب سائٹ کی خرابی پر ناراضگی سوشل میڈیا تک جا پہنچی جہاں سیاسی رہنماؤں اور عام شہریوں نے انتخابی حکام پر تنقید کی۔ شرد پوار کی قیادت والی این سی پی دھڑے کے قومی ترجمان انیش گاونڈے نے الزام لگایا کہ پورٹل بند ہونے کے باعث ووٹروں کو کاغذی ووٹر لسٹوں میں نام تلاش کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔