الیکشن کمیشن کی پابندیاں چیف منسٹر کے سی آر کے جلسہ کی اہم رکاوٹ ونود کمار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز)الیکشن کمیشن کی پابندیوں کے نتیجہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا انتخابی جلسہ حضورآباد میں منعقد نہیں ہوسکا۔ حلقہ میں انتخابی مہم کا آج اختتام عمل میں آیا اور ٹی آر ایس نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے جلسہ کو روکنے کیلئے بی جے پی ذمہ دار ہے۔ پلاننگ کمیشن کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کی آڑ میں بی جے پی نے چیف منسٹر کے انتخابی جلسہ کو روکنے کی سازش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ نئی شرائط اور پابندیاں عائد کی گئیں جس کے نتیجہ میں ٹی آر ایس کو چیف منسٹر کا جلسہ منسوخ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں ایٹالہ راجندر کی شکست کے خوف سے بی جے پی نے چیف منسٹر کے جلسہ کو روکنے کی کوشش کی کیونکہ اگر چیف منسٹر حضورآباد کا دورہ کرتے تو بی جے پی کی ضمانت بھی نہیں بچتی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے انتخابی جلسہ کے بغیر بھی ٹی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ واضح رہے کہ حضور آباد میں انتخابی جلسہ میں عوام کی تعداد کے بارے میں الیکشن کمیشن نے کوویڈ قواعد کے تحت بعض پابندیاں عائد کی تھی۔ چیف منسٹر کے جلسہ کو حضورآباد کے باہر کسی علاقہ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے 27 اکٹوبر کی تاریخ طئے کی گئی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے اچانک کریم نگر اور ہنمکنڈہ اضلاع میں مکمل طور پر ضابطہ اخلاق نافذ کردیا۔ واضح رہے کہ حضور نگر اسمبلی حلقہ دونوں اضلاع کے علاقوں پر محیط ہے اور الیکشن کمیشن نے دونوں اضلاع میں اچانک ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا اعلان کردیا جس کے نتیجہ میں ٹی آر ایس نے چیف منسٹر کے جلسہ کا پروگرام منسوخ کردیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ضمنی چناؤ کی مہم میں چیف منسٹر پارٹی جلسہ سے خطاب نہ کرسکے۔ر