حیدرآباد۔ 4 نومبر : وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے آج کہا کہ الیکٹرانک گاڑیوں کو فروغ دینا تلنگانہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے وزارت بھاری مصنوعات حکومت ہند کی جانب سے گوا میں منعقدہ وزارتی سطح کی ایک کانفرنس میں اس خیال کا اظہار کیا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے الیکٹرانک گاڑیوں کو فروغ دینے کی کوششوں پر منعقدہ سشن سے خطاب کیا اور کہا کہ تلنگانہ ملک کی تیسری ریاست ہے جس نے الیکٹرانک گاڑیاں لانچ کی ہیں اور یہاں توانائی کے تحفظ کی بھی پالیسی ہے ۔ اس سے قبل دہلی اور گجرات نے ایسا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اپنی نئی پالیسی کے طور پر الیکٹرانک گاڑیوں کو متعارف کروایا ہے اور ان گاڑیوں کو روڈ ٹیکس اور رجسٹریشن فیس سے صد فیصد استثنی دیا جا رہا ہے ۔ پہلی دو لاکھ گاڑیوں کیلئے یہ سہولت رہیگی ۔