دبئی ۔ 20 اکتوبر (ایجنسیز) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث سڑکوں پر چٹانیں اور ملبہ گرنے لگا، جس سے فجیرہ کے علاقے مسافی میں خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی۔ موسم سے متعلق ایک اکاؤنٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی گاڑیاں پہاڑی سڑک پر بڑی چٹانوں کے درمیان انتہائی احتیاط سے گزرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ گزشتہ دوپہر مسافی کے علاقے میں بارش کے بعد محکمہ موسمیات نے ملک کے مشرقی ساحلی حصے کے لیے خطرناک موسم کی وارننگ جاری کر دی۔ حکام نے ڈرائیوروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ محتاط رہیں، رفتار کم رکھیں اور خصوصی طور پر پہاڑی یا ڈھلوانی علاقوں میں ہوشیاری سے ڈرائیو کریں، کیونکہ ایسی جگہوں پر بھاری بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ یا چٹانوں کے گرنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔کچھ ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ پتھریلے پہاڑوں سے چھوٹے آبشار بہہ رہے ہیں، جبکہ مقامی لوگ موسم سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے، کیونکہ بارش کا پانی سڑکوں کے کنارے نہروں اور چھوٹے چشموں کی صورت میں بہنے لگا۔ حکام کی جانب سے ایلو اور آرینج الرٹس جاری کی گئی ہیں اور شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ باہر کے کاموں کے دوران محتاط رہیں، خطرناک علاقوں سے دور رہیں اور تمام حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنا سکیں۔نیشنل میٹورولوجیکل سنٹر نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں، کیونکہ خطہ اس وقت گرمیوں اور سردیوں کے درمیانی عبوری موسم سے گزر رہا ہے۔ محکمے کے مطابق، فجیرہ اور راس الخیمہ میں منگل کو مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گہا ہے کہ چونکہ آئندہ دنوں میں بھی بارش کی پیش قیاسی ہے لہذا عوام کو اہم احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہی باہرنکلنے کی ہدایات ہے ۔