امارات واپس لوٹنے والوں کو کورونا ٹسٹ لازم

,

   

دبئی ۔ متحدہ عرب امارات کے حکام نے کہا ہے کہ ملک واپس آنے والے بیرونی افراد جن کے اقامہ یکم مارچ 2020 تک کارآمد تھے وہ کورونا ٹسٹ پی سی آر واپسی کی منظوری ملنے کے بعد کروائیں۔ امارات واپس آنیوالے غیر ملکیوں کیلیے کورونا ٹسٹ لازمی شرط ہے جس کے ضوابط بیان کرتے ہوئے حکام نے کہا ہے کہ 12 برس سے کم عمر بچے اور مخصوص افراد اس ٹسٹ سے مستثنی ہوں گے تاہم عام افراد کیلیے کورونا ٹسٹ کیے جانے کا دورانیہ امارات پہنچنے سے زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے قبل تک کا مقرر کیا گیا ہے۔امارات ٹوڈے کی اطلاع کے مطابق امارت سے گئے ہوئے وہ غیر ملکی جو اب واپس آنے کے خواہشمند ہیں ان کیلیے لازمی ہے کہ ان کا اقامہ کارآمد اور منسوخ شدہ نہ ہو علاوہ ازیں جس وقت واپسی کے لیے پرمٹ کی درخواست دی جائے اس وقت غیر ملکی امارات سے باہر مقیم ہو جس کا ثبوت پیش کرنا لازمی ہے۔ حکام کی جانب سے مزیدکہا گیا ہے کہ امارت واپسی کیلئے جاری کردہ پرمٹ21 روز تک کارآمد ہوتا ہے اس دورانیے میں امارات پہنچنا لازمی ہے۔ ریٹرن پرمٹ مرحلہ وار جاری کیے جاتے ہیں تاہم اس کے لیے لازمی ہے کہ درخواست گزار درست معلومات سسٹم میں فیڈ کرے غلط یا ناقص معلومات فیڈ کرنے سے درخواست رد کردی جائے گی۔3 بارمسترد کی گئی درخواست دوبارہ قابل قبول نہیں ہوگی۔ امارات آنے کے لیے کورونا ٹسٹ کیلیے 40 ممالک میں 500 لیبارٹریزکو مخصوص کیاگیا ہے جہاں کا ٹسٹ قابل قبول ہوگا۔مزید ممالک میں منظور شدہ لیبارٹریز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد 60 ممالک کیلیے 1000 لیبارٹریوں کو مخصوص کیاجائے گا۔ واضح رہے متحدہ عرب امارات میں 19 مارچ 2020 سے کورونا وائرس کے پیش نظر ان بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی جس کے بعد ہزاروں تارکین جو اپنے ملکوں کو گئے ہوئے تھے امارات واپس نہیں پہنچ سکے۔ان کی واپسی کے لیے امارتی حکام کی جانب سے مرحلہ وار پروگرام شروع کیا گیا ہے۔