دبئی۔17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اماراتی بورڈ پی سی بی کے ہمراہ آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلیے تیار ہے، 8 ملکوں پر مشتمل چمپئنز ٹرافی میں زیادہ دلچسپی ظاہرکردی۔آئی سی سی نے 2023 سے2031 تک کے ایونٹس کی میزبانی کے خواہشمند ملکوں سے اظہار دلچسپی طلب کیا تھا، ایک انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا تھا کہ ہم آئندہ فیوچر ٹور پروگرام میں میگا ایونٹس کرانے کیلیے تیار ہیں، امید ہے کہ 1یا2 کی میزبانی مل جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای کے ساتھ مل کر مشترکہ طورپرآئی سی سی ایونٹس کرانے کیلیے بھی بات چیت جاری ہے۔اماراتی کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مبشر عثمانی نے کہا کہ ہم نے انڈر19 ورلڈ کپ اور کوالیفائرز سمیت چند ایونٹس انفرادی طور پر کروانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ میزبانی کے لیے پی سی بی کے ساتھ بھی بات ہوئی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور50 اوورز کا میگاایونٹ بھی منصوبہ کا حصہ ہے، صرف8 ملکوں پر مشتمل چمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا منصوبہ زیادہ قابل عمل ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2 سال قبل یو اے ای میں ہوئے ایشیا کپ کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی تھی، خاص طور پر پاکستان اور ہندوستان کے میچز بھرپور توجہ کا مرکز بنے۔ امید ہے کہ یہاں کوئی میگاایونٹ ہوا تو بھرپورکامیاب ہوگا، ہم توقع کر رہے ہیں کہ جون میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میںکوئی حوصلہ افزا پیش رفت ہوگی۔یاد رہے کہ 2005 میں آئی سی سی کے دفاتر لندن سے دبئی شفٹ کرنے کا فیصلہ ہوا تو اس وقت صدارت احسان مانی کے پاس تھی، اس لیے میگا ایونٹ کی میزبانی کیلیے انھیں یو اے ای سے بھرپور سپورٹ ملنے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اپنے ایونٹ یواے ای میں منعقد کرتا آیا ہے۔