امبیڈکر مجسمہ کی تیاری کیلئے نامور سنگ تراش کی خدمات

   

ایودھیا و گجرات میں مجسمہ تیاری کا تجربہ ، حسین ساگر کے دامن میں140 کروڑ کا پراجکٹ
حیدرآباد۔/26ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے حسین ساگر کے دامن میں نصب کئے جانے والے 125 فیٹ بلند قامت ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تیاری کیلئے ایک مشہور سنگتراش کی خدمات حاصل کی ہیں۔ رام ونجی سوتر نے ایودھیا میں لارڈ رام کا 823 فیٹ بلند مجسمہ اور گجرات میں نصب کردہ سردار پٹیل کا مجسمہ تیار کیا ہے۔ گجرات کا مجسمہ دنیا کا سب سے بلند قامت مجسمہ ہے۔ رام ونجی کے فرزند انیل سوتر کے مطابق تلنگانہ حکومت نے پارلیمنٹ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی طرز پر 125 فیٹ بلند مجسمہ کے ڈیزائن کی ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے وزیر بہبودی درج فہرست اقوام کے ایشور کو مجوزہ مجسمہ کے ڈیزائن سے واقف کرایا۔ رام ونجی کو مرکز نے پدما بھوشن اور پدما شری جیسے اعزازات سے نوازا ہے۔ انہوں نے اپنے فرزند کے ہمراہ 12 ایکر پر محیط پراجکٹ کے مقام کا دورہ کیا۔ امبیڈکر کا مجسمہ 12 ایکر کے پلاٹ پر نصب کیا جائے گا جو ایک اہم تفریحی مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مجسمہ کی تیاری کیلئے رام سوتر کے نام کی منظوری دی۔ پراجکٹ کی جملہ مالیت 140 کروڑ بتائی جاتی ہے اور یہ جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ حکومت نے اکٹوبر 2022 کو دسہرہ سے قبل مجسمہ کی تنصیب کا منصوبہ بنایا ہے۔96 سالہ رام سوتر نے اپنے فرزند کے ساتھ سنگ تراشی کا کام شروع کردیا ہے۔ مجسمہ کے علاوہ میوزیم اور فوٹو گیلری کا منصوبہ ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کی تعلیمات پر مبنی لائبریری کے علاوہ کینٹین قائم کی جائے گی۔ رام ونجی سوتر نے ابھی تک جو پراجکٹس مکمل کئے ہیں ان میں ایودھیا اور گجرات کے علاوہ مہاراشٹرا میں شیواجی اور کرناٹک میں لارڈ شیوا کے مجسموں کی تیاری شامل ہے۔ر