امت مسلمہ میں رجوع الی اللہ کا رجحان

   

ترجمہ قرآن اور خلاصہ قرآن پڑھنے کا ذوق ، علماء کرام کی مساعی کامیاب ثابت

حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے رمضان میں شہریوں کی سرگرمیوں میں بنیادی جو تبدیلی دیکھی جارہی ہیں اس میں امت مسلمہ میں رجوع الی اللہ کا رجحان تیزی سے فروغ حاصل کر رہا ہے اور شہریوں میں ترجمہ قرآن اور خلاصہ قرآن پڑھنے کے رجحان میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ لو گ ترجمہ قرآن کے حصول کے لئے کوشش کر رہے ہیں اور بعض لوگوں کی جانب سے خلاصۂ قرآن کے حصول کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل شہر حیدرآبادمیں کئی اہم شخصیتوں کی جانب سے ڈیجیٹل درس وتدریس کے اقدامات کئے جا رہے تھے اور ان کاسلسلہ اب بھی جاری ہے تو دوسری جانب شہر حیدرآباد میں ماہ رمضان المبارک کے دوران معروف آئمہ و خطباء کے علاوہ مفتیان اکرام کی جانب سے ڈیجیٹل درس و تدریس کا اہتمام کیاجارہا ہے جن میں سینکڑوں کی تعداد میں مسلمان شرکت کر رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں جن سرکردہ علماء و مفتیان اکرام کی جانب سے ڈیجیٹل درس کا اہتمام کیا جا رہاہے اورقرآن فہمی کے لکچر منعقد کئے جا رہے ہیں ان میں مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ‘ مولانا ضیاء الدین نقشبندی‘ مولانا احسن بن محمد عبدالرحمن الحمومی ‘ مولانا مفتی عمر عابدین کے علاوہ دیگر کئی اہم شخصیات شامل ہیں جو کہ درس قرآن اور ذکر و اذکار کی محافل کا آن لائن انعقاد عمل میں لارہے ہیں۔ ڈیجیٹل قرآن مجید کی تلاوت اور ترجمہ پڑھنے کے علاوہ وہ لوگ جو فرصت نہ ہونے کے سبب اس جانب توجہ نہیں دیا کرتے تھے وہ بھی اب قرآن کے نسخوں کے ساتھ درس و تدریس کا حصہ بن رہے ہیں۔لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی محترمہ عزت عروسہ نے تفسیر قرآن اور قرآن فہمی کے علاوہ رموز گردان سے واقف کروانے کیلئے ڈیجیٹل کلاسس کا آغاز کیا اور اب وہ ماہ رمضان المبارک کے دوران فضائل نماز ‘ فضائل صوم اور فضائل ذکو اذکار انجام دے رہی ہیں۔ مولانا مفتی عمر عابدین بھی لاک ڈاؤن کے بعد سے قرآن فہمی پر ڈیجیٹل لکچر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ روزانہ 2گھنٹے کے لئے آن لائن کلاسس منعقد کر رہے ہیں جس میں سینکڑوں افراد حصہ لے رہے ہیں۔مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ روزانہ اصلاح امت اور فضائل رمضان المبار ک کے عنوان پر آن لائن خطاب کر رہے ہیں ۔ جناب سید عبدالباسط شکیل مالک ہدی بک ڈپو نے اس بات کی توثیق کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے نوجوانوں اور مصروف ترین تصور کئے جانے والے طبقہ کے مذہبی رجحان میں زبردست اضافہ ریکا رڈ کیا جا رہاہے۔انہوں نے بتایا کہ کئی لوگ ترجم قرآن کے نسخوں کے علاوہ خلاصہ طلب کر رہے ہیں اور کئی لوگوں کی جانب سے ڈیجیٹل قرآن کا بھی مطالعہ کرنے لگے ہیں۔