امتحان میں حجاب اتارنے پر مجبور کرنے کیخلاف احتجاج

   

بھڑوچ: گجرات میں دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے دوران مسلم طالبات کو حجاب اتارنے پر مجبور کیا گیا جس کے بعد طالبات اور سرپرستوں نے اس واقعہ کے خلاف زبر دست احتجاج کیا۔ شدید احتجاج کو دیکھتے ہوئے گجرات محکمہ تعلیم نے ایک پرائیویٹ اسکول کی پرنسپل کو بحیثیت امتحان منتظم فوری طور پر برخاست کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گجرات کے ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے ریاضی کے پرچہ کے وقت بھڑوچ ضلع کے انکلیشور قصبے کے لائنس اسکول میں پیش آیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سواتی راول نے متعلقہ والدین سے ملاقات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد خاتون پر نسپل سورتیا کو امتحانی مرکز کے منتظم کے طور پر ہٹا دیا۔ وہیں مسلم طالبات کے سرپرستوں نے بتایا کہ کس طرح ان کی بیٹیاں واقعہ کے بعد گھنٹوں کے روتی رہیں، کیونکہ اسکول کے محلے نے امتحان سے قبل انہیں حجاب اتارنے کے لئے سخت پریشان اور مجبور کیا۔ والدین نے واقعہ پر اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔