حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز) : ریاست میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل طلبہ نے یہ کہتے ہوئے کہ کوویڈ 19 وبا کے باعث ان کی تعلیم متاثر ہوئی ہے ، امتحانات کو 15 تا 30 دن ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 2020 بیاچ کے طلبہ جنہیں جونیر ڈاکٹرس بھی کہا جاتا ہے ، ان کے تین سالہ پی جی کورس کی تکمیل اس سال جولائی یا اگست میں کریں گے ۔ کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس نے ان کے امتحانات یکم جون سے منعقد کرنے کا شیڈول جاری کیا ہے ۔ تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کی جانب سے اس سلسلہ میں روانہ کی گئی ایک نمائندگی میں کہا گیا کہ ’2020 بیاچ کے او جی نصاب میں اس وبا کے باعث کافی خلل ہوا اور طلبہ نے وبا کے دوران انتھک کام کیا جس کے نتیجہ میں ان کی تعلیم متاثر ہوئی ‘ ۔ اس نمائندگی میں مزید کہا گیا کہ یہ واحد بیاچ ہے جس نے ریگولر ڈیوٹیز کے علاوہ کوویڈ کے مریضوں کے علاج و معالجہ کے لیے تقریبا دو سال کام کیا ۔ اگر امتحانات کو ملتوی کیا گیا تو طلبہ اس وقت کو پڑھائی کرنے اور کلینک جانکاری کے لیے استعمال کرسکتے ہیں ۔۔