امتحانی پرچوں میں رعایت سے ایس ایس سی طلبہ مسرور

   


اردو میڈیم کے نتائج بھی حوصلہ افزا ہونے کی امید، سکریٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن احمد بخاری کا بیان

نظام آباد۔ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم نے تعلیمی کیلنڈرسال برائے 2020-21 جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا کہ ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات 17 تا26 مئی 2021 منعقد ہوں گے اور اسکولس میں نویں تا دسویں جماعتوں کے طلباء کے لئے باقاعدہ کلاسیس صرف 89 دن تک جاری رہیں گی اور گرمائی تعطیلات 27 مئی تا 13 جون یعنی صرف 18 دن تک ہی رہیں گی۔ مسٹر سید احمد بخاری سکریٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بتایا کہ عالمی وباء کورونا کے پیش نظر گذشتہ دس ماہ سے ریاست میں اسکولس بند تھے اور عالمی وباء کورونا کی شدت میں کمی کے باعث حکومت نے یکم فروری سے اسکولس کی سطح پر نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے لئے باقاعدہ کلاسیس کا آغاز کردیا ہے۔ اب حکومت نے طلبہ کو بڑی راحت دیتے ہوئے ماہ مئی میں منعقد ہونے والے ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات کے پرچہ سوالات میں 11 سے کمی کرتے ہوئے صرف 6 کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ حکومت کے اس اقدام کی سکریٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن احمد بخاری نے ستائش کی اور بتایا کہ اس فیصلہ سے طلبہ پر تعلیمی بوجھ کافی کم ہوگا۔ گزیکل سائنس اور بائیولوجیکل سائنس کیلئے علحدہ علحدہ جوابی بیاضات بھی دیئے جائیں گے تاکہ طلباء کو جوابات تحریر کرنے میں سہولت ہوسکے اور ممتحن کو پرچوں کی جانچ میں آسانی ہوسکے اور حکومت نے جوابات تحریر کرنے کیلئے جو وقت دیا جاتا تھا دو گھنٹے 45 منٹ اس میں بھی 30 منٹ کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔ اب تین گھنٹے 15 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔ حکومت نے اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ یہ نیا 6 پرچوں کے امتحان کا پیاٹرن صرف سال برائے 2020-21 کیلئے ہی رہے گا۔ احمد بخاری نے امید ظاہر کی ہے کہ ریاست میں اردو میڈیم ایس ایس سی کے نتائج ہمیشہ کی طرح جاریہ سال بھی شاندار برآمد ہوں گے۔