ممبئی: اپنی منفرد اداکاری سے تقریباً تین دہائیوں تک ناظرین کی بھرپور تفریح کرنے والے عظیم اداکار امجد خان کو اداکاری وراثت میں ملی تھی۔ان کے والد جینت فلم انڈسٹری میں ویلن رہ چکے تھے ۔ بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم ‘‘شعلے ’’کے کردار‘‘ گبر سنگھ’’ نے امجد خان کو فلم انڈسٹری میں مضبوط شناخت دلائی تھی ۔ اس فلم میں گبر سنگھ کے کردار کے لئے پہلے ڈینی کا نام تجویز کیا گیاتھا لیکن اس وقت فلم ’’دھرماتما‘‘ میں کام کرنے کی وجہ سے انہوں نے شعلے میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔ شعلے کے اسکرپٹ رائیٹرسلیم خان کی سفارش پر رمیش سپی نے امجد خان کو گبر سنگھ کا کردار ادا کرنے کا موقع دیا۔جب سلیم خان نے امجد خان سے فلم شعلے میں گبر سنگھ کا کردار ادا کرنے کو کہا تو پہلے تو وہ گھبرا سے گئے لیکن بعد میں انہوں نے اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا ۔ بعد میں جب فلم شعلے ریلیز ہوئی تو اان کا اداکیاگیا کردار‘ گبر سنگھ ’شائقین میں اس قدر مقبول ہوا کہ لوگ گاہے بگاہے ان کی آواز اور چال ڈھال کی نقل کرنے لگے ۔ امجد خان کی پیدائش 12 نومبر 1940 میں ہوئی تھی۔ انہوں نے بطور چائلڈ اداکار اپنے کریئرکا آغاز 1957 میں آئی فلم ’’اب دہلی دور نہیں ‘‘ اور دیوآنند کی فلم ’’مایا‘‘ سے کیا تھا ۔ امجد خان کا انتقال 27 جولائی 1992ء کو ہوا۔