امدادی سامان اور ادویات لیکر ہندوستانی وفد کابل پہنچ گیا

   

کابل : ہندوستان کی جانب سے بڑے پیمانے پر کھانے پینے کا سامان اور ادویات افغانستان بھجوائی گئی ہیں۔جمعرات کو ہندوستان کی وزارت خارجہ کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اس کا ایک وفد آج کل کابل کے دورے پر ہے، جو ان انسانی امداد کے تحت ہونے والے اقدامات کا جائزہ لے گا اور طالبان کے سینیئر حکام سے بھی ملاقات کرے گا۔پریس ریلیز کے مطابق وفد بین الاقوامی امدادی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کرے گا جبکہ اس کے ارکان ممکنہ طور پر ان متعدد علاقوں کے دورے بھی کریں گے جہاں انڈین حکومت کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امدادی سامان کی ضروریات کے تحت ہندوستان نے افغانستان کے عوام کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔وفد میں شامل ارکان کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی بڑی کھیپیں بھجوائی گئی ہیں جن میں 20 ہزار میٹرک ٹن گندم، 13 ٹن ادویات، پانچ لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں اور موسم سرما کے کپڑے شامل ہیں۔یہ سامان گاندھی چلڈرن ہاسپٹل، کابل اور اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسیز کو دیا گیا جن میں عالمی ادارہ صحٹ اور ورلڈ فوڈ پروگرام بھی شامل ہیں۔