ایک گھنٹہ میں 700 ملی میٹر بارش، ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس، فضائیہ کے ہیلی کاپٹرس تیار
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بچاؤ اور امدادی کاموں کیلئے حکومت خصوصی فنڈس جاری کرے گی۔ انہوں نے امدادی کاموں کی انجام دہی کے علاوہ قومی اور ریاستی شاہراہوں پر ٹریفک کی بحالی کیلئے اقدامات کی ہدایت دی ۔ سرینواس ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور اضلاع میدک ، کاما ریڈی ، سرسلہ اور نرمل کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ مانسون میں میدک ، کاما ریڈی اور عادل آباد میں غیر معمولی بارش ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ بارش کے دوران جانی اور مالی نقصانات کو کو روکنے پر توجہ دی جائے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں عوام کو ڈرون کے ذریعہ غذائی اشیاء سربراہ کی جارہی ہے۔ پانی میں گھرے ہوئے علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے ڈرون کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ ضلع میں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پانچ افراد کو بچالیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل ریاست کے تمام اضلاع کے لئے فی کس ایک کروڑ جاری کئے گئے تھے اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کو اضافی فنڈس جاری کئے جائیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں قومی شاہراہوں کے علاوہ پنچایت راج اور آر اینڈ بی روڈس پر ٹریفک کو بحال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جن منڈلوں اور دیہاتوں کا سڑک سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے، وہاں فوری طور پر تعمیری کام انجام دیئے جائیں۔ سرینواس ریڈی نے ریونیو اور پولیس محکمہ جات کو 24 گھنٹے چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ وزیر مال نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے منتقل کئے گئے خاندان کو غذا اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے اور پانی کی سطح کم ہونے تک ریلیف کیمپس کا قیام برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر فضائیہ کے ہیلی کاپٹرس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ میدک، سنگا ریڈی اضلاع میں ایک گھنٹہ کے وقفہ میں 700 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی مدد کیلئے ہیڈ کوارٹرس سے ربط قائم کریں۔1