حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی کے مسئلہ پر آج سپریم کورٹ میں درخواست کی سماعت کی گئی۔ چیف جسٹس یو یو للت نے آندھرا پردیش حکومت کے خلاف کسانوں کی داخل کردہ درخواست کی سماعت سے گریز کرکے اس درخواست کو کسی اور بنچ سے رجوع کرنے رجسٹری کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بنچ سے رجوع کیا جائے جس میں وہ شامل نہیں ہیں۔ سماعت کے آغاز کے ساتھ ہی جسٹس یو یو للت نے کہا کہ سابق میں مختلف موضوعات پر چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو قانونی مشورے دے چکے ہیں لہذا حکومت کے خلاف کسانوں کی درخواست کی سماعت سے وہ خود کو علحدہ رکھنا چاہتے ہیں۔ 2014 میں ریاست کی تقسیم کے موقع پر یو یو للت نے امراوتی کے بارے میں سینئر ایڈوکیٹ کی حیثیت سے قانونی مشورے دیئے تھے۔ کسانوں کے وکیل نے جب اس بارے میں چیف جسٹس کو واقف کرایا تو انہوں نے اتفاق کیا اور کہا کہ وہ اس بات سے لاعلم ہیں۔ جس پر درخواست گذاروں کے وکیل نے یو یو للت کے تحریری مشورہ کی کاپی اجلاس پر پیش کی۔ اس دستاویز کا جائزہ لینے کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ وہ درخواست کی سماعت کرنے والی بنچ میں شامل رہنا نہیں چاہتے۔ اس معاملہ کو کسی اور بنچ سے رجوع کیا جائے گا۔ر