حیدرآباد 19 جنوری (یو این آئی) آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی میں مزید دو کسانوں کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ویلگاپوڑی سے تعلق رکھنے والا55سالہ اپاراواے پی کے دارالحکومت کی منتقلی اور تین دارالحکومتوں کی ریاستی حکومت کی تجویز کی مخالفت کی تھی اور اس مسئلہ پر کئے گئے احتجاج میں بھی شامل ہوا تھا۔یہ کسان حکومت کی اس نئی تجویز سے کافی مایوس تھا۔اس نے تلگودیشم کے دور حکومت میں نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے لئے اپنی سات ایکڑ اراضی حکومت کو دی تھی۔اس کو دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجہ میں اس کی آج موت ہوگئی۔اس کے رشتہ داروں نے بتایا کہ دارالحکومت کے طورپر امراوتی کی برقراری کے لئے کئے گئے احتجاج کے موقع پر پولیس کی جانب سے اس کے بیٹے اور بہو کے خلاف معاملہ درج کئے جانے پر بھی وہ مایوس تھا۔دوسرا واقعہ دارالحکومت امراوتی کے مندڈم میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کسان جس کی شناخت سامراجیم کے طورپر کی گئی ہے ،کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔اس نے امراوتی کی ترقی کے لئے اپنی 20ایکڑ اراضی حکومت کو دی تھی۔اس نے دارالحکومت کی منتقلی پرمایوسی کا اظہار کیا تھا۔اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوگئی۔