امریکہ اور اسرائیل کو جنرل سلیمانی کی بیٹی کا انتباہ

,

   

تہران۔6جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمان کی بیٹی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کوپیغام دیا ہے کہ والد کی موت پر امریکہ اور اسرائیل کو سیاہ دن دیکھنا پڑے گا۔اپنے والد کے جنازے کے جلوس سے خطاب کے دوران جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے شدید رد عمل کا اظہار کیا اور امریکہ اور اس کے اتحادی اسرائیل کو واضح پیغام دیا۔زینب سلیمانی نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ احمق اور کھلونا ہے جو یہودیوں کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، امریکی صدر نے میرے والد کو قتل کرکے ایران اور عراق میں تصادم پیدا کرنے کی کوشش کی جس میں وہ بری طرح ناکام ہوا، ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران اور عراق کے اہم افراد کو قتل کرکے اسٹریٹیجک غلطی کر دی ہے، اس ناکام سازش نے ایران اور عراق میں تاریخی یکجہتی پیدا کردی ہے۔زینب سلیمانی کا کہنا تھا کہ میرے والد کی موت امریکہ اور اسرائیل کیلئے سیاہ دنوں کا آغاز ہے، میرے والد کی موت سے عوام بیدار ہوں گے اور امریکہ کے خلاف مزاحمت کے محاذ پر مزید تیزی آئے گی اور امریکہ اور ایران کو سیاہ دن دیکھنا پڑے گا۔