ایران کے جوہری پروگرام کے معاہدے پر ممکنہ پیش رفت کا امکان
جینوا۔15؍فروری ( ایجنسیز)سوئٹزرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان آئندہ ہفتے جنیوا میں مذاکرات ہوں گے جن کی میزبانی عمان کرے گا۔ ان مذاکرات کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ممکنہ معاہدے پر پیش رفت کرنا ہے۔سوئس وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق سوئٹزرلینڈ ہمیشہ امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت میں سہولت کاری کیلئے تیار رہتا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کئی دہائیوں سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔اس سے قبل 6 فروری کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان میں امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر سے بالواسطہ مذاکرات کیے تھے جن میں عمانی حکام نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔رپورٹس کے مطابق امریکہ ایران پر اس کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔ صدر ٹرمپ حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی بھیج چکے ہیں۔سوئٹزرلینڈ 1980 کے یرغمالی بحران کے بعد سے ایران میں امریکی مفادات کی نمائندگی کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قونصلر امور بھی سنبھالتا ہے۔دوسری جانب جنیوا میں ہی امریکہ کی ثالثی میں روس اور یوکرین کے درمیان بھی مذاکرات متوقع ہیں جن کا مقصد جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔