امریکہ اور روس شامی خانہ جنگی کے خاتمے میں مدد کریں، اقوام متحدہ

   

اقوام متحدہ ۔ /17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شامی حکومت اور متحارب گروپ نئے ملکی آئین پر مذاکرات بحال کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ یہ بات آج اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب گائیر پیڈرسن نے پریس کانفرنس میں بتائی ہے۔ ان کے مطابق کورونا وبا کے باعث پیدا شدہ صورت حال بہتر ہوتے ہی فریقین مذاکرات کے لیے جنیوا آئیں گے۔ قبل ازیں پیڈرسن نے امریکا اور روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ نو برس سے شام میں جاری خانہ جنگی ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ عالمی ادارے کے خصوصی مندوب برائے شام نے سکیورٹی کونسل کو یہ بھی بتایا تھا کہ اب تک شام میں سیز فائر قائم کرنے میں روس، ایران اور ترکی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ روس اور ایران شامی صدر بشار الاسد کے حامی ہیں جب کہ ترکی اور امریکا شامی باغیوں کی حمایت کرتے ہیں۔