امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی جنگ دوبارہ چھڑنے کا خدشہ

   

واشنگٹن26جولائی (یو این آئی) امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی جنگ پھر چھڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ، صدر ٹرمپ کو اوٹاوا کے ساتھ تجارتی معاہدے کی توقع نہیں، جب کہ کینیڈین وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے میں جلد بازی نہیں کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ ان کے کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات اچھے نہیں ہیں، انھوں نے یکم اگست کی ڈیڈ لائن دی تھی مگر لگتا ہے کینیڈا کو تجارتی مذاکرات کی ضرورت نہیں ہے ۔دوسری طرف کینیڈا نے کسی بھی برے تجارتی معاہدے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے ، کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنے نے کہا ہے کہ جلدی میں کوئی برا تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے ۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ٹرمپ نے اسکاٹ لینڈ کے دورے کے لیے وائٹ ہاؤس سے نکلتے وقت صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے امریکہ کینیڈا کے ساتھ مذاکراتی تجارتی معاہدے تک نہ پہنچ سکے ، ہم یک طرفہ طور پر ٹیرف کی شرح مقرر کر سکتے ہیں۔