امریکہ : بروکلین میں ایک دن میں 15 مسلم میتوں کی تدفین

   

نیویارک 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے بروکلین کی الریان مسلم فینورل سرویسیز کی جانب سے حالیہ ہفتوں میں کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ایک دن میں اوسطاً 15 جنازوں کی تدفین کا کام انجام دیا جارہا ہے جبکہ کورونا وائرس کی وباء سے قبل ایک مہینے میں 20 تا 30 مسلم جنازوں کی تدفین کا کام انجام دیا جاتا تھا۔ الریان کے لوگ لکڑی کے تابوت کے ساتھ جنازوں کی تدفین کے عمل میں مسلسل مصروف ہیں اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تمام اُمور میں برابر کے شریک ہیں۔ مرنے والوں میں بیشتر کا تعلق پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہے۔ مرنے والوں کے ارکان خاندان کونی آئی لینڈ ایونیو میں اپنے گھروں کے باہر اپنے رشتہ داروں کے آخری دیدار کے لئے چھوٹے گروپ کی شکل میں کھڑے ہوئے ہیں۔ بعض مہلوکین کی امریکہ میں فیملی تک نہیں ہے۔ وہاں موجود افراد کو نماز جنازہ میں شریک ہونے کے لئے کہا جارہا ہے۔ ہر ایک تابوت پر مارکر سے نام لکھا جارہا ہے۔ نیویارک میں کورونا وائرس کی مارچ کے مہینے میں وباء پھیلنے کے بعد سے شہر میں تدفین کا کام انتہائی مشکل اور پیچیدہ ہوگیا ہے۔الریان جیسی سرویسیز کو میتوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ریفریجریٹرس کا استعمال کرنا پڑرہا ہے۔