نیویارک : ایک امریکی دفاعی ایجنسی کا کہنا ہے کہ دس کروڑ ڈالر کے ہتھیاروں کے اس معاہدے کا مقصد یہ ہے کہ چین کے دباؤ کے پیش نظر تائیوان کو اس کے فضائی دفاعی میزائلوں کو ’برقرار رکھنے اور انہیں بہتر بنانے‘ میں اس کی مدد کی جا سکے۔امریکی محکمہ دفاع پنٹاگان نے 7فروری پیر کے روز بتایا کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے تائیوان کو دس کروڑ ڈالر کے دفاعی ساز و سامان اور ان کی خدمات فراہم کرنے کا سودا کرنے کو منظوری دے دی ہے۔ بیان کے مطابق اس کا مقصد جزیرہ تائیوان کے میزائل دفاعی نظام کو مضبوط کرنا ہے۔امریکی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (ڈی ایس سی اے) نے ایک بیان میں کہا کہ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کو اپ گریڈ کرنے سے جہاںوصول کنندہ کی سلامتی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی وہیں اس سے خطے میں سیاسی استحکام، عسکری توازن، اقتصادیات کے فروغ اور ترقی کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ڈی ایس سی اے نے مزید کہا، ”یہ مجوزہ فروخت امریکہ کی قومی، اقتصادی اور سلامتی کے مفادات کو پورا کرنے کے ساتھ ہی تائیوان کی مسلح افواج کو جدید بنانے اور قابل اعتماد دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھنے کیلئے اس کی مسلسل کوششوں کی بھی حمایت کرتی ہے۔