۔4 مئی سے ہندوستانی پروازیں بند کرنے کے فیصلے کا اثر
حیدرآباد۔امریکہ کے ہندستانی پروازوں کو بند کرنے کے فیصلہ کے بعد شہریوں میں بے چینی ہے ۔ جو لوگ عید الفطر کے بعد امریکہ روانہ ہونے والے تھے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ امریکی حکم نامہ کے ذریعہ 4 مئی سے ہندستانی پروازوں پر امتنا ع کا فیصلہ کیاگیا ہے اور اس کوئی مدت کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ گذشتہ دنوں متحدہ عرب امارات نے 14مئی تک ہندستانی پروازوں پر امتناع کا فیصلہ کیا ۔ کہا جارہاہے کہ 14مئی کے بعد بھی ہندستانی پروازوں کی امارات آمد پر امتناع رہے گا۔امریکہ میں ہندستانی پروازوں کو روکنے پر مختلف شہروں سے امریکہ کی پروازوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا اور 4مئی سے قبل کی ٹکٹ کے حصول کے خواہشمندوں کو 2 تا 8لاکھ کی ٹکٹ دستیاب رہی اورکئی لوگ اس قیمت میں ٹکٹ لینے آمادہ ہیں لیکن ٹکٹ نہیں مل پائی۔سال گذشتہ ماہ رمضان المبارک کے دوران لاک ڈاؤن کے سبب جو لوگ جہاں پھنسے ہوئے تھے وہ وہیں رہ گئے تھے لیکن اس مرتبہ رمضان سے قبل غیر مقیم ہندستانیوں نے اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن اب دوبارہ کئی ممالک سے پروازوں کو بند کرنے سے حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں اور امریکہ اور آسٹریلیا ء کی جانب سے ہندستانی پروازوں پر پابندی کے بعدکہا جا رہاہے کہ مزید ممالک ہندستانیوں کے داخلہ پر پابندی عائد کرینگے ۔ حالات کے معمول پر آنے تک ان کو برخواست نہیں کیاجائے گا بلکہ ان میں سختیوں میں اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔