امریکہ خلیج میں بڑے پیمانے پر فوجی اثاثے منتقل کر رہا ہے: رپورٹس

   

واشنگٹن ۔ 26 جنوری (ایجنسیز) امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی بحری اور فضائی فوجی موجودگی بڑھا دی ہے، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایک بڑی امریکی ’آرماڈا‘ خلیج کی جانب روانہ ہو رہی ہے اور اس کی مرکزی توجہ ایران پر ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکہ کی جانب سے ایئرکرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ، دیگر جنگی جہازوں اور دفاعی نظام کو آئندہ دنوں میں خطے میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن اپنا راستہ بدل کر جنوبی بحیرہ چین سے مشرقِ وسطیٰ کی جانب بڑھ چکا ہے۔ اس کے ساتھ جدید میزائلوں سے لیس جنگی جہاز بھی شامل ہیں۔ امریکی بحری بیڑہ جدید ایجس دفاعی نظام سے لیس ہے جو بیلسٹک اور کروز میزائل حملوں سے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سے قبل جون میں بھی امریکہ نے خطے میں بڑی فوجی تیاری کی تھی جس کے بعد ایران کے نیوکلیر مراکز پر حملے کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہم ایران پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہمارے پاس سے بڑی فوجی طاقت خلیج کی جانب بھیجی جا رہی ہے، شاید استعمال نہ کرنی پڑے‘، تاہم انہوں نے ایران کی قیادت کی تبدیلی پر براہِ راست کوئی بات کرنے سے گریز کیا تھا۔