امریکہ : طوفان اور بگولوں کی تباہی سے کم از کم 33 افراد ہلاک

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن : امریکہ کے وسطی علاقوں میں طوفان اور بگولوں کے نتیجے میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں جبکہ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اتوار کے روز موسم مزید شدید ہونے کا امکان ہے ۔ خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق مقامی خبروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھروں کی چھتیں ٹوٹ گئیں اور بڑے ٹرک الٹ گئے ۔ امریکی ریاست آرکنساس میں 50 سے زائد گاڑیوں کو پیش آنے والے حادثہ میں 8افراد ہلاک ہو گئے ۔ میسوری اسٹیٹ ہائی وے پٹرول نے طوفان سے متعلق 12 ہلاکتوں کی تصدیق کی اور موسم کی شدت کے نتیجے میں تباہ ہونے والے مرینا میں ایک دوسرے کے اوپر پڑی کشتیوں کے ڈھیر کی تصاویر شیئر کیں۔ ریاستی پولیس نے درختوں اور بجلی کی لائنوں کے گرنے کے ساتھ ساتھ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع دی ہے ، کچھ علاقے بگولوں ، آندھی اور بڑی ژالہ باری سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
میسوری میں اپنا گھر چھوڑنے والے ایلیسیا ولسن نے ٹی وی چینل کے ایس ڈی کے کو بتایا کہ ‘یہ سب سے خوفناک چیز تھی جس سے میں اب تک گزری ہوں، یہ اتنی تیز تھی کہ ہمارے کان پھٹنے والے تھے ۔ مسیسپی کے جنوب میں واقع ریاست کے گورنر نے کہا کہ اب تک 6 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے اور ہفتہ کی رات دیر گئے تین افراد لاپتہ ہیں۔ دریں اثنا ٹیکساس میں مقامی حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ گرد و غبار اور آگ کی وجہ سے گاڑیوں کے حادثات میں 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہمسایہ ریاست آرکنساس میں حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے 3 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے ہیں۔