واشنگٹن: امریکہ کی ریاست مینیسوٹا میں مسلمانوں کے قبرستان کو تخریبی کاروائی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ مینیسوٹا امریکا اسلام تعلقات کونسل نے ایک بیان میں بتایا کہ ریاست کے قصبے کیسل راک میں واقع مغفرت قبرستان کو سبوتاڑ کا نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق نامعلوم شخص یا افراد نے قبرستان میں موجود ایک چاردیواری کو 30 کے قریب پرانے ٹائروں سے بھر کے آگ لگانے کی نیت سے گیس کے پائپ کو کاٹ ڈالا۔ تنظیم کے سربراہ جیلانی حسین نے کہا ہے کہ گیس کی بو محسوس ہونے کی وجہ سے ممکنہ دھماکے کا سدباب پہلے ہی کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ایف بی آئی سمیت مقامی، ریاستی اور وفاقی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ مسلمانوں کے قبرستان پر اس کارروائی کی تحقیق نفرت کے جرائم کے دائرہ کار میں کی جائے۔ دوسری جانب ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکا میں تقریباً5 لاکھ 80 ہزاربے گھر افراد محفوظ مقامات کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ ملک میں سب سے زیادہ بے گھر افراد کی تعداد کے اعتبار سے نیو یارک80 ہزارافراد کے ساتھ پہلے نمبر پر اور لاس اینجلس 65 ہزار تعداد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ دارالحکومت واشنگٹن میں بھی تقریباً 7 سے 8 ہزار بے گھر افراد موجود ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے مرکزجیسی اہم سرکاری عمارتوں کے قریب بھی بے گھر افراد موسم گرما میں خیمے لگائے رہتے ہیں۔