واشنگٹن : امریکہ میں عالمی وبا کے آغاز سے اب تک 1 کروڑ 28 لاکھ سے زائد بچوں کا نوول کرونا وائرس ٹسٹ مثبت آیا ہے۔ امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس (اے اے پی)اور بچوں کے ہسپتال کی ایسوسی ایشن کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ 4 ہفتے کے دوران ان کیسز میں 1 لاکھ 30 ہزار کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے بچوں میں نوول کرونا وائرس کے 78 لاکھ کیسز سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچوں کے کیسز کی تعداد امریکہ میں نوول کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کا 19 فیصد ہے۔ 31 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں نوول کرونا وائرس کے ہفتہ وار کیسز میں بچوں کی تعداد 16.6 فیصد کے مساوی تھی۔ امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس نے کہا ہے کہ عمر کے اعتبار سے مخصوص اعداد و شمار جمع کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ نئی اقسام اور بیماری کی شدت کے ساتھ ساتھ اس کے ممکنہ طویل مدتی اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔