امریکہ میں اے پی کا نوجوان فائرنگ میں ہلاک

   

8 ماہ قبل ہی آرکنساس روانگی ہوئی تھی
حیدرآباد۔/23 جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی امریکہ میں حملہ آوروں کی فائرنگ میں موت واقع ہوئی۔ امریکہ کے آرکنساس میں یہ واقعہ پیش آیا۔ علاقہ کی ایک سوپر مارکٹ میں اچانک حملہ آور داخل ہوئے اور سوپر مارکٹ کے کاؤنٹر پر موجود 32 سالہ گوپی کرشنا پر گولی چلادی۔ گوپی کرشنا کا تعلق آندھرا پردیش کے باپٹلہ ٹاؤن سے ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ آٹھ ماہ پہلے امریکہ روانہ ہوئے تھے اور آرکنساس کی سوپر مارکٹ میں کام کررہا تھا۔ ہفتہ کی دوپہر بندوق بردار حملہ آور اچانک داخل ہوئے اور کاؤنٹر پر موجود گوپی کرشنا پر قریب سے گولی چلادی۔ زخمی گوپی کرشنا کو فوری مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران آج وہ جانبر نہ ہوسکا۔ حملہ آور سوپر مارکٹ سے سامان اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ حملہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج سوشیل میڈیا میں وائرل ہوگیا جس میں نقاب پوش حملہ آور گوپی کرشنا پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ گوپی کرشنا کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی افراد خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ باپٹلہ کے آبائی مقام اوجالی میں غم کا ماحول دیکھا گیا۔ گوپی کرشنا کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا ہے۔ امریکہ کی پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں امریکہ کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔1