امریکہ میں جدید ترین ایف 35لڑاکا طیارہ گرکر تباہ

   

کیلی فورنیا31جولائی (یو این آئی) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں جدید ترین ایف35 لڑاکا طیارہ گرکرتباہ ہو گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایف 35لڑاکا طیاہ سنٹرل کیلی فورنیا میں نیول ائیربیس اسٹیشن لیمور میں گرا۔ امریکی نیوی نے بھی ایف 35طیارے کے گرنے کی تصدیق کر دی ہے ۔رپورٹ کے مطابق گرنے والے لڑاکا طیارے کاپائلٹ بحفاظت طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا، تاہم طیارے کے گرنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ گرکر تباہ ہونے والے طیارے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تباہ ہونے کے بعد طیارے میں آگ لگی ہوئی ہے اور دھویں کے بادل آسمان پر دور دور تک پھیلے ہوئے ہیں۔

میانمار :سیلاب کے باعث 10ہزار افراد کیمپوں میں منتقل
یانگون31جولائی (یو این آئی) میانمار کی کیین ریاست کے دارالحکومت ھپا-آن میں سیلاب کے باعث 10,395 افراد کو 24 عارضی امدادی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔یہ معلومات سرکاری میانمار ریڈیو اور ٹیلی ویژن نے بدھ کی شب فراہم کیں۔رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارش کے بعد تھانلِون ندی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر چلی گئی، جس کے بعد گزشتہ روز ڈزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں کے ارکان، فائر فائٹرز، میانمار ریڈ کراس سوسائٹی اور کمیونٹی پر مبنی تنظیموں نے متاثرین کو امدادی کیمپوں میں منتقل کیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ہپا۔آن میں ندی کی سطح خطرے کے نشان سے تقریباً چھ فٹ بلند ہو گئی ہے۔