امریکہ میں دو طیارے ہوا میں ٹکراگئے ، 6 افراد ہلاک

   

واشنگٹن: امریکہ میں ایک ایئرشو کے دوران دو جہاز آپس میں ٹکرانے کے بعد زمین پر گر گئے اور ان میں سوار 6افراد ہلاک ہوگئے۔سی بی ایس کے مطابق دوسری عالمی جنگ کے دور کے جہازوں کا ایئرشوٹیکساس میں منعقد ہوا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ ٹکرانے والے طیاروں میں ایک بوئنگ بی 17 اور دوسرا بیل پی 63 کنگ کوبرا تھا ۔ تصادم 1:30 بجے دن ہوا ۔ ایئرشو کا اہتمام کرنے والے ادارے کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق ایونٹ میں کئی جہاز حصہ لے رہے تھے۔سوشل میڈیا پر جمعہ کو شیئر کی جانے والی پوسٹس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہاں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہیں اور کرتب بازی سے محظوظ ہو رہے ہیں ۔ واقعہ کے عینی شاہد 27 سالہ انتھونی مونٹویا نے کا کہنا ہے کہ ’میں وہاں کھڑا تھا کہ اچانک جہاز ایک دوسرے سے ٹکرا گئے اور جو لوگ ایک لمحہ قبل محظوظ ہو رہے تھے یک دم سکتے میں آ گئے۔‘ڈیلاس کے میئر ایرک جانسن نے واقعہ کو ’ایک خوفناک المیہ‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ویڈیوز دل دہلا دینے والی ہیں ۔ براہ مہربانی ان کے لئے دعا کریں جو ہمارے خاندانوں کی تفریح اور معلومات کیلئے جہازوں کو اڑا رہے تھے۔ سوشل میڈیا پر ایسی متعدد ویڈیوز شیئر ہوئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں جہازوں کے ٹکرانے سے خوفناک دھماکہ ہوا اور دھوئیں کے بادل دکھائی دیئے۔