واشنگٹن، 24 جنوری (یو این آئی) امریکہ میں نیشنل ویدر سروس نے موسم سرما کے برفانی طوفان کو انتہائی جان لیوا قرار دے دیا ہے اور شہریوں کو ہائپوتھرمیا اور فراسٹ بائٹ کے خطرے سے خبردار کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں شدید برفباری سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے ۔ میڈیا نے سرما کے طوفان کو مونسٹر اسٹارم قرار دے دیا ہے ۔ ویدر سروس نے پیش گوئی کی ہے کہ درجہ حرارت جان لیوا حد تک گر سکتا ہے ۔ امریکہ کی دو تہائی آبادی کو برفانی طوفان کا سامنا ہے جس کے سبب 17 امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ ملک میں فضائی اور زمینی سفر شدید متاثر ہو گیا ہے اور ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ٹیکساس، جارجیا، آرکنساس، شمالی و جنوبی کیرولائنا میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں وفاقی دفاتر پیر کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ 16 کروڑ سے زائد امریکیوں کو شدید برفباری اور سردی کا سامنا ہے ۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفباری، بارش اور یخ بستہ ہواؤں سے شہریوں کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔حکام کے مطابق اس صورت حال میں ہائپوتھرمیا اور فراسٹ بائٹ کی کیفیت جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے ۔ واشنگٹن ڈی سی، بالٹی مور، فلاڈیلفیا اور نیویارک شدید برفباری کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ ویدر سروس کے مطابق امریکہ کے مختلف شہروں میں ایک فٹ سے زائد برف پڑنے کا امکان ہے ، کولوراڈو سے بوسٹن تک کئی ریاستوں میں ایک فٹ سے زائد برف پڑنے کا امکان ہے ۔ نیویارک اور نیو جرسی کے بعض علاقوں میں 10 سے 14 انچ برف، بوسٹن میں 12 سے 17 انچ برف متوقع اور 30 میل فی گھنٹہ ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔