امریکہ میں مزید لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں ہوگی

   

واشنگٹن ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں کوئی خاص کمی نہیں آئی ہے لیکن حکومت کے ایک ماہر نے کہا ہیکہ ملک میں کووڈ 19 کی وبا کو کم کرنے کیلئے ایک اور بڑے پیمانے کے لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں پڑے گی۔اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے امریکی حکومت کے ماہر اینتھونی فوچی، جوکہ سائنسدان بھی ہیں، نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ دنیا کو جلد ایک ویکسین ملے گی جو کہ وبا کو ختم کر دے گی۔ انہوں نے ٹرائل کے ابتدائی نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیلیفورنیا اور ٹیکساس جیسی ریاستوں میں کیسز میں اضافے کے بعد کیا لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا جائے گا، تو اینتھونی فوچی کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہم لاک ڈاؤن کی طرف واپس جانے کی بات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں ہم ان علاقوں کی بات کریں گے جہاں کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔