امریکہ میں مقیم لوگو ں کو دھوکہ دینے والے دو جعلی کال سنٹرس کا پردہ فاش

   

چندی گڑھ: پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) پنجاب گورو یادو نے جمعہ کو کہا کہ ریاستی پولیس کے سائبر کرائم ڈویژن نے موہالی میں چل رہے دو فرضی کال سینٹرز کا پردہ فاش کیا ہے اور امریکہ میں رہنے والے لوگوں کو جعلی کال کرنے اور دھوکہ دہی کے الزام میں ان مراکز کے 155 ملازمین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔پہلا فرضی کال سنٹر ایس اے ایس نگر کے سیکٹر 74 کے پلاٹ 88 میں قائم تھا، جب کہ دوسرا فرضی کال سینٹر ایس اے ایس نگر کے سیکٹر 74 میں اے ون ٹاور میں قائم کیا گیا تھا۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کال سینٹر گجرات میں مقیم سرغنہ چلا رہے تھے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ جعلی کال سینٹر رات کے وقت کام کر رہے تھے اور کال کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو ٹارگٹ، ایپل، ایمیزون وغیرہ کے گفٹ کارڈ خریدنے کیلئے مجبور کرنے کے لیے تین مختلف طریقے استعمال کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ گفٹ کارڈز ایک ٹیم مینیجر کے ذریعے شیئر کیے جاتے ہیں اور سرغنہ/مالک کے ذریعہ بھنائے جاتے ہیں۔اے ڈی جی پی سائبر کرائم وی نیرجا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ موہالی میں بیرون ملک رہنے والے لوگوں کو نشانہ بنانے والے فرضی کال سینٹرز کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے کے بعد انسپکٹر گگن پریت سنگھ اور انسپکٹر دلجیت سنگھ نے اپنی ٹیم کے ساتھ انویسٹی گیشن ٹریننگ اینڈ انالیسس سنٹرسائبر کرائم لیب سے تکنیکی مدد سے حاصل کی تھی۔