حیدرآباد 12 ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے علاقہ سینٹ لوئیس میزوری میں آندھراپردیش کے ضلع نیلور سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان دھرج کمار ریڈی ڈگا کو گولی مار دی گئی جس کے بعد دواخانہ منتقل کر دیا گیا جہاں حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ڈگا کے ایک دوست کشور چتامورو نے بتایا کہ ریڈی جو کہ ایک سافٹ ویر انجنیئر ہے اس سال جنوری میں ایسٹرن ایلنائے یونیورسٹی میں ماسٹر ڈگری کی تعلیم حاصل کرنے جنوری میں امریکہ میں پہنچا تھا جس کو میری لینڈ گیس اسٹیشن سے گھر واپسی کے دوران 9 اپریل 11 بجے دن گولی مار دی گئی ۔ زخم کافی گہرے ہیں اور مرسی ہاسپٹل بالاس میں علاج کیا جارہا ہے ۔ پیٹ کی بائیں جانب گولیاں پیوست ہوئی ہیں جس سے آنت اور جگر کو نقصان پہنچا ہے ۔ تشویشناک حالت کے سبب وینٹیلیٹرپر رکھا گیا ہے ۔
