واشنگٹن: امریکہ نے سعودی عرب میں تعینات اپنا انتہائی جدید میزائل دفاعی نظام اور پیٹریاٹ بیٹریاں واپس بلوا لی ہیں۔ ریاض سے جنوب مشرق میں 70میل دور واقع شہزادہ سلطان ائر بیس میں 2019ء سے ہزاروں امریکی فوجی تعینات ہیں۔ اسی فوجی اڈے پر یہ نظام نصب تھا۔ امریکا نے یہ قدم ایک ایسے وقت پر اٹھایا ہے، جب سعودی عرب کو یمن میں فعال حوثی باغیوں کی طرف سے راکٹ حملوں کا خطرہ بدستور لاحق ہے۔ اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی عسکری حکمت عملی میں تبدیلی کا پیش خیمہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے ہفتہ کے روز یمن سے چھوڑا گیاایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا بارود سے لدا ایک اورڈرون مارگرایا ہے۔