امریکہ کا یوکرین جنگ میں ثالثی سے پیچھے ہٹنے کا اشارہ

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ نے ہفتہ کے روز واضح کیا ہے کہ اگر روس اور یوکرین کے درمیان جاری مذاکرات میں کوئی نمایاں پیش رفت نہ ہوئی تو امریکہ اپنے ثالثی کردار سے دستبردار ہو سکتا ہے۔ یہ عندیہ ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب امریکہ نے یوکرین کو F-16 جنگی طیاروں کے پرزے فراہم کرنے کے معاہدہ کی بھی تصدیق کی ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ’فوکس نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا موقف بدستور یہ ہے کہ ہم یوکرین میں امن مذاکرات میں ثالثی کی حمایت کرتے ہیں، لیکن اگر بات چیت میں کوئی مثبت پیش رفت نظر نہیں آتی تو ہم اپنے کردار پر نظرثانی کریں گے۔ ٹیمی بروس نے ان میڈیا رپورٹس کی بھی تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ امریکہ یوکرین سے کنارہ کشی اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم جنگ بندی کی خواہش ترک کر رہے ہیں یا امن کے لیے کوششیں ختم کر دیں گے۔ ہم بدستور اس تنازع کو حل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اسی تناظر میں امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یوکرین کو F-16 جنگی طیاروں کے پرزے فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے، اور یوکرینی پائلٹوں کی تربیت کے لیے ایک نیا پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ وہی معاہدہ ہے جس کی منظوری سابق صدر جو بائیڈن نے جنگ کے ابتدائی دنوں میں دی تھی۔