امریکہ کاوینزویلا میں فوجی آپشن پر غور :سینئر افسر

   

واشنگٹن۔ 6 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکومت وینزویلا میں سیاسی تعطل کے درمیان اس کیخلاف فوجی آپشن پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا ’’سچ کہوں تو فوجی متبادل بھی موجود ہے ، صدر ٹرمپ نے میٹنگ میں یہ بات کہی ہے ۔ یہ ایک انتہائی سنگین متبادل ہے ، ظاہر ہے کوئی بھی پسند نہیں کریگا لیکن اس پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے ‘‘۔ دریں اثنا، امریکی وزارت خزانہ نے گزشتہ روزمادرو حکومت پر دباؤ بنانے کے لئے نئی پابندیوں کے تحت وینزویلا سے متعلق کمپنیوں اور بحری جہازوں کو درج کیا ہے ۔وزیر خزانہ اسٹین منوچن نے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خزانہ ان بحری جہازوں اور تیل کمپنیوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جو غیر قانونی مادرو حکومت کو بچائے رکھنے میں مدد کررہے ہیں ۔امریکہ وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو کی حمایت میں وینزویلا حکومت کے خلاف اقتصادی پابندیوں اور سفارتی تنہائی کی پالیسی اپنا رہا ہے ۔ ٹرمپ انتظامیہ نے 23 جنوری کو گوائیڈو کو وینزویلا کے عبوری صدر کے طور پر تسلیم کیاتھا جبکہ اس دوران نکولس مادرو نے صدر کے طور پر ان کی دوسری مدت کا آغاز کیا تھا۔