واشنگٹن ،25جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے سے متعلق کانگریس کی منظور شدہ قرارداد کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ویٹو (مسترد) کردیا۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق قرارداد ویٹو ہونے کے بعد واشنگٹن اپنے اتحادیوں بشمول ریاض اور ابوظہبی کو اربوں ڈالر کے ہتھیار فروخت کرسکے گا۔ واضح رہے ڈونالڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن کو طیاروں، گولہ بارود، دیگر ہتھیار اور آلات فروخت کرنے کے خواہش مند تھے ۔ٹرمپ انتظامیہ نے رواں برس مئی میں ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری کے لئے کانگریس کی رائے لئے بغیر غیر معمولی اقدام اٹھایا تھا جس کا مقصد یمن جنگ میں مصروف سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا ہتھیاروں کی فروخت تھا۔انہوں نے ایران کو مشرق وسطیٰ کے استحکام کے لیے ‘بنیادی خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے اس کی سب سے بڑی وجہ بتائی تھی۔
